عالمی برادری،او آئی سی اور اقوام متحدہ اسرائیلی جارحیت کا فوری اور موثر نوٹس لے، لبریشن فرنٹ
اسلام آبا جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سے فوری اور موئثر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔سنٹرل انفارمیشن آفس سے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار کے نام سے میڈیا کے لئے جاری بیان کے مطابق فلسطینی عوام قبلہ اول سمیت اسرائیل کے زیر قبضہ ریاست فلسطین کے باقی ماندہ علاقوں کی آزادی کی پاداش میں گذشتہ سات دہائیوں سے اسرائیلی جارحیت کے شکار ہیں۔ انہوں نے اقوام عالم بالخصوص مسلم دنیا کی بے حسی اور عالمی طاقتوں کی طرف سے فلسظینی عوام کے بجائے اسرائیل جیسے جارح ملک کی حمایت کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق فلسطینی عوام کشمیریوں کی طرح سے اہم ترین مذہبی مقامات سمیت ریاست کے بیشتر حصوں پر قابض قوت اسرائیل کے خلاف برسرپیکار ہیں اور حصول حق کی جدوجہد میں اب تک بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف عالمی طاقتوں کی حمایت یافتہ اسرائیل مسلم دنیا کے قبلہ اول پر قبضہ جما کر مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے میں کوئی قصر باقی نہیں چھوڑتے تو دوسری جانب قبضے کے خاتمے کے خلاف بلند ہونے والی آوازوں کو بزور طاقت دبانے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ستتھر برس میں اسرائیل نے نہتے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے نتیجے میں نوے فیصد علاقے پر نہ صرف اپنا قبضہ جما رکھا ہے بلکہ اسے مستحکم بنانے کے لئے فلسطینی حدود کے اندر قلعہ بند شکل میں غیر فلسطینی یعنی اسرائیلیوں کو آباد کرتے چلے آرہے ہیں۔ترجمان کے مطابق اسرائیلی نقشہ قدم پر چلتے ہوئے بھارت بالخصوص وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں موجودہ انتہا پسند جماعت کی حکومت ریاست جموں کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ جمانے کی خاطر ریاستی تشخص پر حملہ آور ہوتے ہوئے یہاں کی جغرافیہ کو تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔محمد رفیق ڈار نے اقوام عالم بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ کی توجہ مبزول کراتے ہوئے انہیں صورتحال مزید بے قابو ہونے سے قبل نوٹس لینے کی اپیل کی تاکہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت اور ریاست فلسطین کے گھیراو کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گھمبیر اور خون آشام صورتحال سے علاقعہ کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام پر اسرائیل کی چڑھائی اور مسلمانوں کے اہم ترین اور مقدس مذہبی مقام یعنی قبلہ اول پر کسی بھی قسم کی بے حرمتی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچ سکتی ہے اور یوں اسرائیل کی طرف سے ایسی کوئی بھی حرکت پوری دنیا کے لئے تباہی کا ساماں فراہم کر سکتی ہے۔بیان کے مطابق ترجمان نے کشمیری قوم کی جانب سے فلسطینی عوام کے حق میں مکمل حمایت کے اظہار کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام عالم بالخصوص انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ اسرائیلی فوجی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کو زائل کرنے کے لئے وہ عملی اقدامات لیں۔
0 Comments